وزیراعظم عمران خان سے فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے نمائندوں و برآمد کنندگان ، تحریک انصاف کے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مزدوروں کے نمائندوں کی ملاقاتیں

267

فیصل  آباد۔18نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے وزارت توانائی کو فیصل آباد ٹیکسٹائل انڈسٹری سے متعلقہ مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے مسائل کے باوجود ملکی معاشی صورتحال مستحکم ہے، منتخب نمائندے عوام سے مسلسل رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل حل کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے نمائندوں و برآمد کنندگان ، تحریک انصاف کے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور مزدوروں کے نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری کے کاروباری کے نمائندوں اور برآمد کنندگان نے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومتی  اقدامات کی بدولت 14 سال بعد فیصل آباد کی ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ تمام صنعتیں اپنی مکمل صلاحیت اور استعداد کار کے مطابق کام  کر رہی ہیں جس کی بدولت پاکستان کی ویلیو ایڈڈ ایکسپورٹ دن بدن  بڑھ رہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی پیکیج، بروقت ریفنڈز اور دیگر سہولیات کی بدولت برآمد کنندگان اور کاروباری برادری کے بیشتر مسائل حل ہوئے ہیں۔برآمد کنندگان نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ کورونا وبا کے دوران حکومتی مربوط اقدامات سے نہ صرف لوگوں کے روزگار کوتحفظ ملا بلکہ ان اقدامات سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پچاس ہزار  نئی نوکریاں دینے کے باوجود اس وقت  ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ایک لاکھ سے زائد مزید مزدوروں  کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم  کا اظہار کیا کہ  موجودہ 13 ارب کی ٹیکسٹائل برآمدات کو بڑھا کر آئندہ سال 21 ارب ڈالرز تک لے جائیں گے۔ شرکاء نے حکومتی مشاورتی عمل میں کاروباری حضرات کو نمائندگی دینے پروزیراعظم کاشکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے درپیش مسائل کے باوجود ملکی معاشی صورتحال مستحکم ہے۔ وزیراعظم نے وزارتِ توانائی کو فیصل آباد  ٹیکسٹائل انڈسٹری سے متعلقہ مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم  نے فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر کے قیام  کےحوالے سے وفاقی وزیر حماد اظہر کو تمام شراکت داروں  سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے تاجر برادری کی طرف سے موٹر وے پر چک جھمرہ کے مقام پر انٹرچینج بنانے کے مطالبے پر وفاقی وزارتِ مواصلات کو جلد از جلد کام کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ وزیراعظم نے فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کی تجویز پر سول ایوی ایشن کو فیصل آباد کی تاجر برادری کے ساتھ مل کر لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان سے فیصل آباد سے تحریک انصاف کے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کے حل میں بھر پور کردار ادا کریں۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران نے وزیر اعظم کو فیصل آباد شہر کو درپیش  مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے مختلف تجاویز بھی دیں۔اس موقع پر وزیر اعظم نے  ہنر مندوں اورمزدور نمائندگان سے بھی بات چیت کی۔ مزدور نمائندگان نے حکومت کی جانب سے صنعت کی بحالی کے لئے اقدامات کو خصوصی طورر پر سراہتے ہوئے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ صنعتی عمل کی روانی سے ہنرمندوں کو کام کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔ نمائندگان کی جانب سے وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ فیصل آباد کی صنعتیں چوبیس گھنٹے چل رہی ہیں  اور صنعتی شعبے کوموافق ماحول میسر آ رہا ہے۔