ہفتہ شان رحمت اللعالمینﷺ کی تقریبات تیسرے روز بھی جاری

251

چنیوٹ، 18 نومبر ( اےپی پی) :ہفتہ شان رحمت اللعالمین کی تقریبات تیسرے روز بھی جاری، حکومت پنجاب کی ہدایت پر گورنمنٹ اسلامیہ کالج چنیوٹ میں ہائر ایجوکیشن اور سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں کوئز پروگرام اور نعتیہ اور کیلی گرافی کے مقابلے ہوئے جس میں ضلع چنیوٹ کے سکولوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا، تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کی،اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ غزالہ کنول،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد نواز اور سی ای او ایجوکیشن ظفر ریحان، ڈی ای او سیکنڈری ڈاکٹر خادم حسین، ڈپٹی ڈی او عبدالجلیل، سینئر ٹیچر مس طاہرہ، مولانا عبدالجامع کے علاوہ دیگر سینئر ٹیچرز و پروفیسرز بھی موجود تھے جنہوں نے ججز کے فرائض انجام دیے، کوئز پروگرام میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات سے شان رحمت اللعالمین کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے، جبکہ نعتیہ مقابلے میں طلباء و طالبات نے حضور نبی کریم ﷺکے حضور گلہائے عقیدت پیش کیے اور انکی شان اقدس بیان کی،ڈپٹی کمشنر نے کیلی گرافی کے مقابلے میں طلباء و طالبات کی جانب سے بنائی گئیں خانہ کعبہ، مسجد نبوی اورلکھی گئی آیات کے کتبے اور چارٹس کا جائزہ لیا اور انہیں شاباش دی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہاکہ ضلع بھر میں شان رحمت عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم ویک شایان شان انداز میں منایا جارہا ہے جس کے دوران مختلف نوعیت کے پروگرامز منعقد کرکے محسن انسانیت کی زندگی کے پہلوؤں کو اجاگر کیا جارہا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم تمام جہانوں کے لئے رحمت بناکربھیجے گئے۔انہوں نے کہا کہ سرور کونین حضرت محمدؐ اپنے اعلیٰ کردار کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے،انہوں نے کہا کہ نبی آخرالزماں ؐ نے مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا،آپؐ کی زندگی مجسم قرآن ہے جس میں ہمارے لئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے فرمان پر صدق دل سے عمل پیرا ہوں یہی دنیاوی وآخروی زندگی میں کامیابی کا راز ہے۔انہوں نے بتایا کہ تقریبات کا بھرپور انعقاد کرکے دنیا پر واضح کردیں گے کہ آقائے دو عالم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم بڑی شان والے ہیں اور انکو آخری نبی ماننا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔