کوئٹہ، 24نومبر(اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی، اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر اور اس حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے اجلاس کو بلوچستان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور ایس او پیز پر عملدرآمدسے متعلق اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایس او پیز پر سختی عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک بڑے شاپنگ مال کو سیل کردیا گیا ہے، کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بچنے کے لئے ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، شادی ہال اور مارکیٹوں میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ بڑے عوامی اجتماعات وائرس کے پھیلاؤکا سبب بن رہے ہیں ہمیں اس حوالے سے ذرائع ابلاغ کو بروئے کار لاتے ہوئے شعوروآگاہی سے متعلق موثر آگاہی مہم چلانی ہوگی،انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلہ برقرار رکھنا بھی بے حد ضروری ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں اس وقت بڑے بڑے سیاسی اجتماعات ہورہے ہیں جس کی وجہ سے صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے، بڑے اجتماعات پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہئے، اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو، پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی، پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات محترمہ بشریٰ رند، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ، ڈاکٹرز اور ماہرین صحت سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔











