کوئٹہ، 23نومبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے کوئٹہ کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے 47ویں کامن کے نیشنل پولیس اکیڈمی لاہور کے زیر تربیت اے ایس پیز نے ملاقات کی ۔آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورائیہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان نے بتایا کہ ملک کے دیگر صوبوں سمیت بلوچستان میں بھی پولیس کے زیرتربیت آفیسران کا دورہ ان کے کورس کا حصہ ہے، وزیراعلیٰ نے زیرتربیت اے ایس پیز کو ان کے مطالعاتی دورے پر کوئٹہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں اصلاحات اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے آپ سب کی کارکردگی اہمیت کی حامل ہے، انہوں نے کہا کہ آپ لوگ اپنی ملازمت کے دوران بہت سے چیلنجز کا سامنا بھی کریں گے جو آپ کی ملازمت کا حصہ ہے، یہ آپ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بناتے ہوئے امن وامان برقرار رکھنے اور قانون کے بہتر نفاذکے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کو روکنے کے لیے پولیس نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، شہداءکی یہ قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔











