وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

285

اسلام آباد۔9نومبر  (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت پیرکو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔ گندم سے متعلق ای سی سی کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی سفارشات کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو کی رہنمائی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو وزارت خزانہ سے مشاورت  کرے گی۔  قومی فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور صوبائی حکومتیں درآمدی اور مقامی گندم پر شامل سبسڈی پر عملدرآمد کریں گی۔ای سی سی نے ملک میں گندم کی طلب اور رسد سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔  وزارت برائے قومی فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ نے بتایا کہ روس سے جی ٹو جی انتظامات کے تحت درآمد کی گندم رواں ماہ کے اندر ملک میں پہنچ جائے گی اور ملک میں اجناس کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ گندم کی درآمد کے روزانہ رسد کے مسائل حل کرنے کے لئے لاجسٹکس کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔  کمیٹی میں سکریٹری این ایف ایس اینڈ آر (کنوینر)، سیکرٹریز /خزانہ ، مواصلات ، سمندری امور ، تجارت ، صنعت و پیداوار ، ریلوے اور ایم ڈی پاسکو ، چیئرمین ٹی سی پی ، ڈی جی این ایل سی ، پورٹ اتھارٹی ، صوبائی حکومتیں اور نجی ٹرانسپورٹرز شامل ہیں۔  یہ کمیٹی روزانہ باہمی مشاورت کے امور اور ترجیحی بنیادوں پر دوسرے ذیلی معاملات سے متعلق معاملات طے کرے گی۔