کورونا وائرس کی موجودگی میں سموگ کا ہونا زیادہ خطرناک ہے: ڈپٹی کمشنر عامر خٹک

239

ملتان، 9 نومبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ انسانی زندگی اور صحت سے بڑھ کر کوئی چیز عزیز نہیں ہے،کورونا وائرس کی موجودگی میں سموگ کا ہونا زیادہ خطرناک ہے،حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے، سموگ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انٹی سموگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر رانا اخلاق احمد خان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید،سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان،ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ظفراقبال،محکمہ زراعت، صحت،تحصیل کونسل، کارپوریشن،سول ڈیفنس اور پولیس افسران بھی موجود تھے۔اس دوران ڈپٹی کمشنر انڈسٹریل اسٹیٹ میں سربمہر کئے گئےدھواں چھوڑنے والے چپ پلانٹس کی سیلیں توڑنے پر برہم ہو گئےاور انہوں نےپلانٹ مالکان کو16 ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا ہے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اعلیٰ عدالتیں سموگ کا باعث بننے والے اداروں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دے چکی ہیں،کسی شخص کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ماحولیات سے سیل توڑنے والے پلانٹس اور فیکٹری مالکان کی لسٹ طلب کر لیں ہیں اور کہا ہے کہ سی پی او سے ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کرونگا،انہوں نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کوڑے کو آگ لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے،اسسٹنٹ کمشنرز اپنے ایریاز میں کام جاری رکھنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی کریں،علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے24 گھنٹوں کے اندر اینٹوں کے بھٹوں کی بندش بارے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔