وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی کی جمہوریہ چاڈ کے وزیر خارجہ امین عبا صدیق سے ملاقات

335

اسلام آباد، 26نومبر(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے سنتالیسویں وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر  جمہوریہ چاڈ کے وزیر خارجہ امین عبا صدیق کے ساتھ  ملاقات کی۔ جس دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ چاڈ کے مابین تہذیبی، تاریخی اور مذہبی ہم آہنگی کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان نے اسی تہذیبی ہم آہنگی کی بنیاد پر چاڈ کی آزادی کی تحریک کی حمایت کی۔

وزیر خارجہ نے ہیومن رائٹس کونسل میں پاکستان کی  رکنیت کے لئے، چاڈ کی طرف سے بھرپور معاونت پر، چاڈ وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے اپنے چاڈ ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ کشمیری گذشتہ سال 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد، بھارتی قابض افواج کے محاصرے میں ہیں۔بھارت، عالمی قوانین سے رو گردانی کرتے ہوئے، مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان،او آئی سی کے بانی رکن ہونے کے باعث، مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے او آئی سی کو بہترین اور موزوں فورم گردانتا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں” انگیج افریقہ “پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان ایک زرعی ملک ہے ہم افریقی ممالک کے ساتھ چاول سمیت بہت سی مصنوعات ایکسپورٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چاڈ کے مابین لائو سٹاک، ایگریکلچر اور سیکورٹی کے شعبے میں بھی دو طرفہ تعاون کے فروغ کے بہت سے مواقع موجود ہیں، بہت سے پاکستانی چاڈ کی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ و تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے اپنے چاڈ ہم منصب سے کہا کہ وہ پاکستان اور چاڈ کے مابین دو طرفہ کثیر الجہتی شعبہ جات میں تعاون کے معاہدے کا مسودہ جلد از جلد مرتب کریں تاکہ اسے عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

چاڈ کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی “انگیج افریقہ” پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم اسلامی ملک ہے اسلئے  وہ پاکستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے متمنی ہیں۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تجارتی تعاون کے فروغ کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس ملاقات میں موجود  تھے۔