وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان آئیلینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد 

207

اسلام آباد، 26 نومبر ( اےپی پی): وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان آئیلینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی ڈچ کمپنی ایوٹیک AWTEC کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ایوٹیک نیدرلینڈ نے 1.3 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے کراچی میں کچرے سے توانائی  اور ڈیسیلینشن پلانٹ بنانے کی تجویز پیش کی۔ اویٹیک ہالینڈ نے راوی منصوبے اور لاہور میں رینیویبل توانائی پلانٹ کے قیام میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔

واضح رہے کہ ان منصوبوں میں لگنے والی ٹیکنالوجی پاکستان میں تیار کی جائے گی جس سے ملک ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے. اس منصوبے سے بننے والی بھاپ بھی صنعتوں میں استعمال کی جاسکے گی۔ اس ضمن میں عنقریب حکومت  پاکستان اور ایوٹیک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں کچرے کے حوالے سے مناسب بندوبست اور انتظام نہ ہونے کی وجہ سے دن بدن مسائل میں اضافہ ہو رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آبی وسائل خاص کر سمندری پٹی اس سے سب سے ذیادہ متاثر ہیں. وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کے منصوبے ہمارے شہروں کو بین الاقوامی معیار کی رہائشی سہولیات دینے میں معاون ثابت ہونگے۔

اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل،  چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور چیئرمین پاکستان آئیلینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اعلی حکومتی حکام نے شرکت کی۔