وفاقی محتسب کے زیر اہتمام دو روزہ جیل ملازمین کیلئے تربیتی پروگرام کی تقریب سے مقررین کا خطاب

274

کوئٹہ۔یکم نومبر ( اے پی پی ):  صوبائی محتسب عبدالغنی خلجی نے کہا کہ ٹریننگ پروگرام کا انعقاد خوش آئند امر ہے۔اس حوالے سے جیل ملازمین کیلئے باقاعدہ اکیڈمی کا قیام ضروری ہے جس میں ملازمین کی باقاعدہ تربیت کا انعقاد کیا جاسکے، کیونکہ جیل ملازمین کی ٹریننگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ہر ادارے اور اس کے ملازمین کو اپنے اختیارات اور حقوق کا علم ہونا ضروری ہے۔ان خیالات کااظہار اتوار کے روز وفاقی محتسب کے زیر اہتمام دو روزہ جیل ملازمین کیلئے تربیتی پروگرام کے انعقادکے موقع پر کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تمام لوگوں کے حقوق ہیں۔جیل ملازمین کو بھی حقوق اور سہولیات ملیں چاہیے جس سے ان کی کاکردگی بہتر ہوسکتی ہے۔جیل میں قید قیدیوں کو معاشرے کا بہتر شہری بنانے میں جیل حکام اور ملازمین کا کردار اہم ہے۔تقریب سے ڈاکٹر رانیہ احسان وفاقی محتسب سیکرٹریٹ اسلام آباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی جانب سے ہر انسان کے حقوق مقرر کئے گئے ہیں۔ان حقوق کے حصول کیساتھ معاشرے کے ہر فرد کی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنا مثبت کردار ادا کرے۔جیل ملازمین کو بھی حقوق حاصل ہیں اسی طرح جیل میں مقید قیدیوں کو بھی حقوق حاصل ہیں۔ جن کی پاسداری ضروری ہے۔جیل میں نظام کو بہتر بنانے کیلئے دو روزی ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔سپریم کورٹ کی جانب سے بھی وفاقی محتسب کو جیل اصلاحات کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔جس پر عملدرآمد جاری ہے۔ جیل ملازمین قیدیوں کے ساتھ رہ کر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنا ہوتی ہیں اور انہیں بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ٹریننگ کے بعد جیل ملازمین قیدیوں کو ایک اچھا شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔معروف قانون دان سردار حلیمی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں قید قیدیوں کا نادرا میں ڈیٹا بیس تشکیل دینا چاہیے جس سے رہائی کے بعد ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا آسان ہوگا۔پاکستان میں انگریز کے دور کے قوانین رائج ہیں جن میں دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ترامیم ضروری ہیں۔عدالتی نظام میں بھی ریفارمز کی ضرورت ہے۔اسی طرح جیل نظام میں بہتری کیلئے کام کرنا ہوگا مختلف جرائم کے قیدیوں کو الگ الگ رکھ کر ان کی کردار سازی پر توجہ دی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو بہتر خوراک کی فراہمی بھی ضروری ہے، جیل میں قیدیوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں ہنر مند بنانے کے منصوبوں پر کام ہونا چاہیے۔جس کیلئے جیل میں مختلف انڈسٹریز قائم کی جاسکتی ہیں۔اس موقع پر انہوں نے جیل ملازمین کو اپنی جانب سے اور اپنی فرم کی جانب سے بلا معاوضہ قانونی معاونت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔تقریب میں وفاقی محتسب سینئر ایڈوائزر غلام سرور بروہی،سپرنٹنڈنٹ جیل شکیل احمد بلوچ،وفاقی محتسب کے ایڈوائزر محمد خالد بلوچ،ڈی آئی جی جیل نوید الیاس نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ٹریننگ کے شرکاءمیں اسناد تقسیم کی گئیں اور مہمانان گرامی کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔