اسلام آباد ،26 نومبر (اے پی پی )؛وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی چین کے سفیر Mr.Nong Rong سے وزارت داخلہ میں ملاقات ہوئی ۔ملاقات میں باہمی ا مور کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا-وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے چینی سفیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان اور چین دو جسم ایک جان ہیں، سکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے،سی پیک پراجیکٹس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں ، ان اقدامات کا مقصد گواردر اور گردونواح میں سکیورٹی اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ،پاکستان کے عوام کرونہ جیسے مشکل وقت میں چین کی جانب سے کئے جانے والے تعاون پر بے حد شکر گزار ہیں، سی پیک میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا معاشی طور پربہت مثبت اثر ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون ہمیشہ مثبت طور پر نتیجہ خیز ثابت ہوا ہیں ، ورکرز ویزہ اور متعلقہ امور کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں ۔سی پیک اور دیگر امور میں سکیورٹی کے تسلی بخش انتظامات پر چینی سفیر نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا شکریہ ادا کیا۔
کرونہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ویکسین کے لئے کام جاری ہے، امید کرتے ہیں کہ نئے سال کے ساتھ کچھ اچھی خبر ملے گی-











