اوکاڑہ۔11نومبر (اے پی پی):پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین نے اوکاڑہ یونیورسٹی میں اسمارٹ یونیورسٹی پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین پرفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے اوکاڑہ یونیورسٹی میں اسمارٹ یونیورسٹی پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر مقامی صحافیوں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے پروفیسر فضل نے کہا کہ اس پراجیکٹ کا مقصد204 ایکڑ پہ محیط کیمپس میں تمام طلباءکو تیز اسپیڈ انٹرنیٹ فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ اکیسویں صدی کی یونیورسٹیوں کا کام محض ڈگری دینا نہیں بلکہ جاب مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق طلباءمیں صلاحیتیں پیدا کرنا اور ان کی کردار سازی کرنا بھی ہے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پی ایچ ای سی تمام ایریا ز میں اوکاڑہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نئی یونیورسٹیوں کو مقامی اور بین االاقوامی سطع پر روابط قائم کرنے اور اپنی رینکنگ کو بہتر بنانے کے حوالے سے مدد دے رہے ہیں۔
پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین پرفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کم مدت اور قلیل مالی وسائل کے باوجود اوکاڑہ یونیورسٹی کے انتظامی اور تعلیمی ڈھانچے کی مثالی تعمیر و ترقی پہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے حکومت کی گرین اینڈ کلین پاکستان مہم میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے کردار کی بھی تعریف کی۔اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکرنے یونیورسٹی کے دورے کے لیے وقت نکالنے اور ادارے کو تعاون فراہم کرنے پر پروفیسر فضل کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی اعلی تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ماحولیاتی وسائل کے تحفظ کے لیے بھی کوشاں ہے جس کے لئے لوئر باری دو آب نہر اور اس کے گردو نواح میں موجود جنگل میں پائی جانے والی آبی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ایک ریسرچ سنٹر کے قیام کا بھی عمل میں لایا جائیگا۔انہوں نے اوکاڑہ یونیورسٹی کے کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا بھی اعلان کیا۔جس میں اوکاڑہ کے مضافاتی علاقوں کے غریب گھرانوں کی لڑکیوں کو اعلی تعلیم حا صل کرنے کی ترغیب کے لئے یو نیورسٹی آنے کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔











