ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے  براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے؛وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق

251

 

اسلام آباد،04 نومبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے بنیادی امر یہ ہے کہ پاکستان کے ہر علاقے اور تمام لوگوں تک موبائل فون رابطوں اور برڈ بینڈ سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک ہونے کے ساتھ ساتھ عوام ٹیکنالوجی کے ذریعے فراہم کی جانے والی تمام سہولیات کا بہتر انداز میں استعمال کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکشن کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) اور معروف ٹیلی کام کمپنی زونگ نیٹ ورک کے درمیان بلوچستان کے اضلاع ، نصیر آباد، جعفرآباد، صحبت پور اور کراچی کے ضلع غربی و ملیر کے مضافاتی علاقوں میں بہتر رابطوں کیلئے عوام کو فورجی سہولیات کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کے موقع پر کیا۔منصوبے کے تحت متعلقہ علاقوں میں موبائل فون رابطوں اور بہترین نیٹ ورکنگ کی فراہمی یقینی بنائے جائے گی۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب بدھ کو اسلام آباد میں زونگ ہیڈ کوارٹر میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق تھے جبکہ تقریب میں سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی، چیئرمین پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی ( پی ٹی اے) میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ، زونگ کے چیئرمین اور سی ای او وانگ ہُوا اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر یو ایس ایف حارث محمود چوہدری سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ مختلف موبائل فون ایپلی کیشنز، ویب پورٹلز، ای کامرس، ای گورنمنٹ،ای ایجوکیشن، آن لائن نوکریاں، ڈیجیٹل پیمنٹس، آئی ٹی پارکس کے قیام سمیت وہ تمام امور جو ڈیجیٹل پاکستان ویژن سے متعلق ہیں ان پر تیزی سے کام ہورہا ہے جبکہ فائبر آپٹکس بچھانے، موبائل ٹاورز لگانے اور نیٹ ورکنگ میں توسیع کے مطلوبہ امور پر یونیورسل سروس فنڈ کے تحت اربوں روپے کے منصوبے زیرتکمیل ہیں۔

سید امین الحق نے اعلان کیا کہ وزارت آئی ٹی یو ایس ایف کے تحت ہر ماہ براڈ بینڈ اور نیٹ ورک توسیع کے ایک نئے منصوبے کو عوام کیلئے پیش کرے گی۔ انہوں نے زونگ نیٹ ورک کو معاہدہ پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس معاہدے کے ذریعے بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں اور کراچی کے مضافاتی علاقوں کے عوام کو بہترین رابطوں کی سہولت کی فراہمی میں زونگ نیٹ ورک اپنی بھرپور تیکنیکی صلاحیتوں کا استعمال کرے گا۔

زونگ نیٹ ورک کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر وانگ ہُوا نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے قیام سے اب تک زونگ کی یہی کوشش رہی ہے کہ وہ بہترین نیٹ ورک سہولیات کی فراہمی کے ذریعے خود کو سرفہرست اور نمایاں پوزیشن پر رکھ سکے، خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والوں تک رابطے کی سہولیات کی فراہمیمیں اپنا کردار ادا کرسکیں اس ضمن میں ہم وزارت آئی ٹی اور یو ایس ایف کے شکر گزار ہیں کہ جنھوں نے یہ پراجیکٹ ہمیں عطا کیا ہم آُپ کو یقین دلاتے ہیں کہ منصوبے کی تکمیل سے متعلقہ علاقوں کے لوگوں تک مقررہ مدت میں بہترین رابطوں کی سہولیات فراہم کریں گے۔

اس موقع پر یو اسی ایف کے سی ای او حارث محمود چوہدری نے معاہدے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے ضلع،نصیر آباد، جعفرآباد اور صحبت پور 3 ہزار 431 مربع کلومیٹر کے علاقے میں نیٹ ورکنگ سہولیات کی فراہمی سے 4 لاکھ سے زائد مقامی افراد کو استفادہ حاصل ہوگا جبکہ کراچی ضلع غربی اور ضلع ملیر کے 690 مربع کلومیٹر کے مضافاتی علاقوں کے ایک لاکھ سے زائد افراد کو جدید رابطوں کی سہولیات کی فراہمی کی جاسکے گی۔

حارث چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی ہدایت پر پاکستان کے ہر اس علاقے کیلئے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جہاں لوگوں کو یا تو نیٹ ورکنگ اور براڈ بینڈ سروس میسر نہیں یا وہاں رابطوں میں خلل کی شکایات عام ہیں مقصد صرف یہی ہے کہ پاکستان کے تمام علاقوں کے عوام کو براڈ بینڈ سروسز میسر کرتے ہوئے ڈیجیٹل پاکستان کے تصور کو حقیقیت کا روپ دیا جاسکے۔