صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے صدر برکس کلن اونرز ایسوسی ایشن  کے  وفد  کی  ملاقات

232

لاہور، 04 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے صدر برکس کلن اونرز ایسوسی ایشن پاکستان محمد شعیب خان نیازی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں برکس کلن اوونرز ایسوسی ایشن نے اینٹوں کی قیمتیں نہ بڑھانے پر اتفاق کیا۔

صوبائی وزیر نے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے آسان قرضوں کی فراہمی کا پروگرام فوری طور پر شروع کرنے کا حکم بھی دیا۔ انھوں نے کہا کہ جس بھٹے کیخلاف اینٹوں کی قیمتیں بڑھانے کی شکایت آئی تو اسے بند کر دیا جائے گا، ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ضلع کی انتظامیہ باہمی مشاورت سے اینٹوں کی قیمتیں طے کررہے ہیں۔ اینٹوں کے بھٹوں کو کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پرمنتقلی کے لئے پنجاب سمال انڈسٹری کارپوریشن قرضوں کی فراہمی بڑا پروگرام لارہی ہے۔ جو بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے، ہورہے یا آئندہ ہوں گے سب کو آسان قرضہ دیا جائے گا۔

وزیر صنعت نے کہا کہ  بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے قرضوں پر آپ کا حق ہے اور حکومت یہ حق آپ کو دے گی،  اینٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اینٹوں کی قیمتیں بڑھانے والے بھٹوں کے خلاف سخت ایکشن ہو گا، حکومت بھٹہ مالکان کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دے رہی ہے،اینٹوں کی قیمت کسی صورت بڑھنے نہیں دیں گے۔