ملتان،04 نومبر (اے پی پی ): کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی جانچنے کیلئے شہر کی مختلف مارکیٹوں کا اچانک دورہ کیا، دورے کے دوران انہوں نے سرکاری نرخ نامے اور اشیاء خوردونوش کے معیار کو چیک کیا،سرکاری نرخ سے زائد وصول کرنے والے اور ریٹ لسٹ آویزان نہ کرنے واے دکانداروں کو وارننگ اور جرمانے بھی کئے گئے۔
اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر گراں فروشوں،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مصنوعی مہنگائی کرنے والے کسی رعایت کےمستحق نہیں ہیں اور ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جارہا ہے۔اس کے علاوہ ڈویژن بھر میں درآمد شدہ چینی کے فروخت کا آغاز کر دیا گیا ہے اور سیل پوائنٹس بھی مقرر کر دیے گئے ہیں جبکہ سہولت بازاروں میں بھی چینی اور آٹا دستیاب ہے۔ عوام کا رجحان دیکھ کر سہولت بازاروں میں آٹے کا کوٹہ بڑھانے کے بارے میں بھی غور کیا جارہا ہے۔
کمشنر نے آٹے ،چینی کے سیل پوائنٹس چیک کیے اور سٹاک کے بارے میں جانچ کی اور کہا کہ شہری بھی صرف سرکاری نرخ نامے دیکھ کر قیمت ادا کریں۔
کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے ممتازآباد مارکیٹ میں دورے کے موقع پر سڑک پر تجاوزات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئےانسداد تجاوزات اسکواڈ کو ممتازآباد مارکیٹ میں کریک ڈاؤن کا بھی حکم دیا۔علاوہ ازیں کمشنر ملتان نے سہولت بازاروں کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔











