کویڈ 19 کے باوجود وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کامیاب رہی ہے،قاسم خان سوری

206

اسلام آباد۔25نومبر  (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نےکہا ہے کہ کویڈ 19 کے باوجود وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کامیاب رہی ہے،سی پیک کے مغربی روٹ کا بڑا حصہ بلوچستان کے راستے سے گزرتا ہے جسے پچھلی حکومتوں نے نظرانداز کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کوسی پیک چیلنجز اور مواقع پر قومی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔  ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت مغربی روٹ کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے کیونکہ ژوب-کچلاک روڈ کی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان ژوب کے لئے ٹینڈرنگ عمل جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت افغانستان کے امن عمل میں سرگرم عمل ہے کیونکہ علاقائی امن کے بغیر ، سی پیک جیسے بڑے منصوبوں کو عملی شکل نہیں مل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے گوادر اور تربت سمیت جنوبی بلوچستان کے نو اضلاع کے لئے 600 ارب روپے کے تاریخی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک شیر علی ارباب نے کہا کہ کسی بھی ملک کی جی ڈی پی میں بہتری ملک کی صنعت اور برآمدات سے منسلک ہے لہذا حکومت کو چاہئے کہ وہ اس شعبے کو سی پیک کے تحت ترجیح دے۔ہمیں علاقائی مسابقتی منڈی بننا ہے اور اس کے لئے صنعتی ترقی موثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایم ایل ون ریلوے منصوبے کی فنانسنگ جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی اور رشکئی اور فیصل آباد اسپیشل اکنامک زون کی سنگ بنیاد رکھی جاچکی ہے۔ڈائریکٹر پاک چین اسٹڈی سنٹر ڈاکٹر طلعت شبیر نے بتایا کہ اب تک 3000 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں مکمل ہوچکی ہیں اور سی پیک کے تحت 12000 میگاواٹ انرجی پلانٹ قائم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ملک میں بے روزگاری کے مسئلے کو کم کرنے میں مدد فراہم کرے گا کیونکہ اس منصوبے سے 20 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔سیمینار سے متعدد مقررین نے بھی خطاب کیا۔