اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹرشبلی فراز نے کہا ہے کہ گلگت کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو بہت پذیرائی دی ہے ، اپوزیشن کی تقریر اور بیانات سے لگتا ہے کہ وہ اپنی شکست کو دھاندلی کا نام دیں گے ، یہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہیں، ان کی سوچ جمہوری نہیں ، جمہوریت کا لبادہ اوڑے مسلم لیگ ن منتخب حکومت کے خاتمے کے لئے غیر آئینی طریقہ اپنا رہی ہے ، کورونا کے باوجود معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، اشیاءکی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات جاری ہیں ، سیاسی مخالفین کے بارے میں نازیبا زبان کا استعمال مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے،یہ لوگ اقتدار کو عوام کی بھلائی کے لئے نہیں اپنی کرپشن بچانے اور دولت بڑھانے کے لئے کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پریس انفارمیشن ڈیپارمنٹ (پی آئی ڈی ) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر نے کہاکہ سب سے پہلے گلگت کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس طرح انہوں نے انتخابی مہم کو چلایا اور مہم میں حصہ لیا اور وہاں پر امن وامان کی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی جس کا حکومت کی طرف سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا،گلگت بلتستان کے عوام نے تحریک انصاف کو بہت پذیرائی دی ہے اور پی ٹی آئی قیادت کا والہانہ استقبال اس بات کی گواہی ہے کہ عوام نے الیکشن سے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا دیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ گلگت کے عوام پی ٹی آئی کے جلسوں میں تاریخی شرکت کی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ علاقے کے مسائل کے حل کے لئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے گٹھ جوڑ میں وہاں پر جن مسائل کا ذکر کیا اور ساتھ ساتھ اس بات کو تسلیم کیا کہ ماضی کی حکومتوں نے گزشتہ10سال میں علاقے کے مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا تو کیا وجہ ہے کہ جس طرح کا ماحول بنایا جارہاہے کہ اپوزیشن کی تقریروں اور بیانات سے لگتا ہے کہ وہ اپنی شکست کو دھاندلی کا نام دینگے، میڈیا گلگت بلتستان الیکشن کی بھرپور کوریج کرے اور صورتحال پر نظر رکھے اور کوریج کے لئے وہاں پر پولنگ سٹیشنوں پر بھی جائے ، پاکستان تحریک انصاف ایسی جماعت ہے جنہوں نے صاف اور شفاف انتخابات کے لئے جدوجہد کی ہے ، ہمارا یہی ایجنڈا تھا کہ انتخابات صاف اور شفاف ہونے چاہئیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی آئی نے شفاف اور غیرجانبدار الیکشن کی جدوجہد کی ہے،ان لوگوں کا عجیب رویہ ہے کہ جس الیکشن میں اپوزیشن کامیاب ہو وہ درست ورنہ سارا عمل غلط،اسی طرح اگر جج بھی ان کے حق میں فیصلہ دیں تو وہ صحیح ،انہوں نے کہاکہ ماضی کے ریکارڈ پر یہ اعتبار نہیں کر رہے ہیں ، کچھ موروثی رہنماءہیں جن کی سوچ میں تضاد ہے ،یہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہیں، ان کی سوچ جمہوری نہیں،جمہوریت کا لبادہ اوڑھے مسلم لیگ ن منتخب حکومت کے خاتمے کیلئے غیر آئینی طریقہ اپنا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کا مقبول ترین رہنما ہے ،وزیراعظم عمران خان 22سال کی جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کی وباءکے دوران کس طرح معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، انڈسٹری میں دوبارہ تیزی آرہی ہے ، کرنسی بھی مضبوط ہو رہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت پٹرول کی قیمت کم کرنے جارہی ہے ، کرنسی جب مضبوط ہو گی تو اخراجات آمدن میں توازن آئے گا ،اشیاءکی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات جاری ہیں،مہنگائی عارضی چیز ہے ، کورونا کی صورتحال نہ ہوتی تو معاشی صورتحال مزید بہتر ہوتی ،مزید اچھی خبریں آئیں گی، جمہوریت مضبوط ہو گی،پاکستان کے عوام کو ان کے ثمرات جلد ملیں گے ، کچھ ملنا شروع ہو گئے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے پریس کانفرنس کے دوران ہندو برادری کو دیوالی پر مبارک باد بھی پیش کی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی بھارتی کوششیں پہلے کی طرح ناکام ہونگی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ سیاسی مخالفین کے بارے میں نازیبا زبان کا استعمال مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے، محترمہ بے نظیر بھٹو سے متعلق مسلم لیگ ن کی قیادت کی نازیبا زبان سے سب آگاہ ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جس طرح ہمیں معیشت ملی تھی ان کو ٹھیک کرنا مشکل تھا تاہم حکومت کی دن رات کی کوشش کی وجہ سے معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے ساری معیشتوں کو تباہ و برباد کر دیا ہے ، قیمتوں کو کم کرنے کے لئے حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن پہلے گلگت میں حکومت کر چکی ہیں وہاں پر صحت ،تعلیم اور بیروزگاری کا مسئلہ ہے ، ان لوگوں نے وہاں پر خود اس کا اعتراف کیا ہے ، حکومت نے گلگت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کئے ہیں ، وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ گلگت بلتستان وہ علاقہ ہے جو ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے، ان کے ساتھ وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی ۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمیں وہاں پر جو پذیرائی ملی ہے اس بنیاد پر ہم گلگت میں جیتنے کے دعوئے کر رہے ہیں ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اپوزیشن ہر معاملے پرجھوٹ بول رہی ہے ان کے بیانیئے روز تبدیل ہورہے ہیں ،یہ لوگ اقتدار کو عوام کی بھلائی کے لئے نہیں اپنی کرپشن بچانے اور دولت بڑھانے کے لئے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلیک میلنگ اور دھمکی آمیز رویہ مسلم لیگ ن کا شیوہ ہے۔اسحق ڈار نے کرنسی کو مصنوعی طور پر مستحکم کرنے کے لئے اربوں ڈالر غیر قانونی طور پر استعمال کئے ۔











