ہفتہ  شان رحمتہ اللعالمینﷺ کے  سلسلے   میں  اوکاڑہ  میں محفل میلاد کا  انعقاد

127

اوکاڑہ ،21 نومبر(اے پی پی ):ہفتہ  شان رحمتہ اللعالمینﷺ  کے  سلسلے  میں   محفل میلاد کا  انعقاد  کیا   گیا،  جس  سے  خطاب میں   کمشنر  ساہیوال ڈویژن نادر چٹھہ اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ عامر عقیق خان نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ اور اسوہ حسنہ ہمارے لئے کامل رہنمائی کا ذریعہ اور ہماری بخشش و نجات کا باعث ہے، آپ ﷺ کی ذات برکات سے عقیدت و الفت،محبت اورپیار کا اظہار ہر مومن کا اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺکا امتی ہونا سب سے بڑا اعزاز اور اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت ہے، حضور اکرم ﷺ کی ذات با برکات کی ناموس کا معاملہ کس قدر حساس اور اہم ہے، مسلمان اس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کر سکتے جو لوگ آپ ﷺ کی شان میں گستاخی کے مرتکب ہوئے ہیں انہوں نے پوری دنیا کے امن خراب کرنے کی خطرناک سازش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  آزادی اظہار کی آڑ میں محترم و پاکیزہ شخصیات کی شان میں گستاخی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

 کمشنر ساہیو ال نادر چٹھہ نے ضلع اوکاڑہ کے سرکاری سکولوں کے طالبعلموں کے پنجاب کی سطح پر مقابلوں میں نعت شریف میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے،سیر ت النبی ﷺ کے موضوع پر تقریری مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان اور محکمہ تعلیم کے افسران کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وبا کے دنوں میں ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز پر عملد ر آمد کرتے ہوئے میلاد شریف سمیت ہفتہ شان رحمتہ اللعالمینﷺ کی تقریبات کا انعقاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوام کی خدمت اور لوگوں کی بھلائی کے لئے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق خدمت کریں تاکہ ہم لوگوں کو ریلیف دے سکیں۔

 ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی خوشحالی کے لئے ضروری ہے کہ ہم عوامی خدمت کے لئے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ اور ان کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں اقدامات کو حتمی شکل دیں ہم اپنے آقا و مولا نبی کریم ﷺ کی ذات با برکات کی کسی سطح پر بھی گستاخی برداشت نہیں کر سکتے۔

 میلاد شریف کی محفل میں طلباء طالبات نے حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ عقیدت میں ہدیہ نعت درود و سلام پیش کیا۔ اس موقع پر قاضی اسلم اوکاڑوی نے تمام حاضرین مجلس کے ساتھ با ادب کھڑے ہو کر حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ عقیدت میں سلام پیش کیا۔

 بعد ازاں قاری محمد اقبال چشتی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی،عالم اسلام کے اتفاق واتحاد کے لئے خصوصی دعا کروائی۔