اقوام متحدہ نے ایل او سی پر اپنی گاڑی کے فائرنگ کی زد میں آنے کی تصدیق کردی

593

نیویارک،19دسمبر(اے پی پی):اقوام متحدہ نے ایل او سی پر اپنی گاڑی کے فائرنگ کی زد میں آنے کی تصدیق کردی ہے۔ اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ لائن آف کنٹرول کے پاکستانی جانب راولاکوٹ کے قریب بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ (UNMOGIP) کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے نیویارک میں میڈیا بریفنگ میں اے پی پی کے ایک سوال کے جواب میں کہا  کہ مشن فی الحال واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اقوام متحدہ کے فوجی مبصرمشن راولاکوٹ کے قریب معمول کی نگرانی کی سرگرمیاں انجام دے رہے تھے۔

 ترجمان نے بتایا کہ  ملٹری آبزرور گروپ(UNMOGIP) کے اہلکاروں اور ڈرائیور کو کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن گاڑی کو کچھ نقصان پہنچا ہے۔

 قبل ازیں اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول کے پاس  اقوام متحدہ کی گاڑی کو خاص طور پر نشانہ بنایا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق  یو این ایم او جی آئی پی افسران لائن آف کنٹرول کی بھارتی خلاف ورزی سے متاثرافراد سے ملنے پولاس گاؤں جارہے تھے جب وہ گولی کی زد میں آئے۔ان افسران کو فوری طور پر پاک فوج نے نکال لیا اور انہیں راولاکوٹ میں یو این ایم او جی آئی پی فیلڈ اسٹیشن واپس لایا گیا۔

 یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ابو ظہبی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انہیں معتبر اطلاعات ہیں کہ بھارت اپنے داخلی معاملات سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کے خلاف ‘سرجیکل اسٹرائیک’ کا منصوبہ بنا رہا ہے۔