جدہ؛کرسچین ویلفیئر ایسوسی ایشن کیجانب سے پاکستان قونصل میں کرسمس تہوار جوش و خروش سے منایا گیا

621

جدہ،26دسمبر(اے پی پی):جدہ میں پاکستان کرسچین ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کرسمس کا تہوار جوش و خروش سے منایا۔ اس موقع پرپاکستان قونصل میں منعقدہ کرسمس کی تقریب میں  ڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

انہوں نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان، قائداعظم کے فرمان کے مطابق مملکت میں موجود تمام اقلیتوں کو  محب وطن افراد میں شمار کرتا ہے اور انکے مساوی بنیادوں پر حقوق کا احترام کرتا ہے۔

  ڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو نے  کہاکہ  سعودی عرب میں بھی پاکستان کرسچین کمیونٹی ایک منظم اور مخلص کمیونٹی ہے جنکی خبر گیری کرنا قونصلیٹ کا فرض ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرسچین کمیونٹی کے چئیرمین پرویز یوسف نے اپنے خطاب میں کرسچین کمیونٹی کے حقوق کا تحفظ کرنے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی سالمیت کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری پیٹرک فلک شیر نے پاکستان کے کچھ علاقوں میں کرسچین کمیونٹی کے ساتھ ناروا سلوک رکھے جانے کا ذکر کرتے ہوئے حکومت سے درخواست کی کہ وہ ان معاملات کو دیکھے ۔

کرسچین کمیونٹی کی تقریب سےایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری پیٹرک فلک شیر، جان گلزار ، پی جے ایف کے جنرل سیکریٹری جمیل راٹھور اور نور گھر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں تالیوں کی گونج میں پاکستان یک جہتی فورم کے صدر ریاض بخاری کی   جانب سے بھیجے جانے والا کرسمس کیک کاٹا گیا ۔