ملتان ،7دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت سائوتھ پنجاب ثاقب علی عطیل نے سوموارکو ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے یہ زرعی یونیورسٹی علاقے کی محرومیوں کو دیکھتے ہوئے بنائی ہے ۔ ہمارا ملک زرعی ملک ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد شعبہ زراعت سے منسلک ہے ،اس لئے حکومت بھی زراعت کی ترقی میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔انہوں نے زرعی جامعہ کے شعبہ انجینئرنگ کی جانب سے جدت کی گئی مشین مائیکرو پلاٹ سیڈر کا معائنہ بھی کیا جس کو ابھی ٹرائل کے طور پر چلایا جا رہا ہے گندم لگانے کی اس مشین میں جدت کر کے 5 نالیو سے تعداد بڑھا کر 9نالیاں اور ایک یونیفارم سیڈ ڈسٹری بیوٹر یونٹ اور سپیشل ایس ٹائپ سپرنگ کی جدت کی گئی ہے ۔
ثاقت علی عطیل نے کہاکہ یہ یونیورسٹی مستقبل کی بڑی یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے ، ہمیں مل کر انفرادی طور پر زراعت کی ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ زراعت کی جانب سے زرعی جامعہ کی ترقی کیلئے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی طلبائو طالبات کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے اقدامات کے ساتھ ساتھ خطے کے کسانوں و کاشتکاروں کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ زرعی یونیورسٹی میں نئی تعمیر شدہ عمارات معیاری اور جدید سہولیات سے آراستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی اپنے قیام کے مقاصد کو پورا کرنے کے لئے دن رات کام کررہی ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ زراعت سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے۔ زرعی جامعہ یہاں کے کسانوں و کاشتکاروں کی استعدادکار پر بھی خاص طور پر فوکس کر رہی ہے اس حوالے سے زرعی جامعہ متواتر ورکشاپس ، سیمیناراور ٹریننگز وغیرہ کا انعقاد کروا رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ کسانوں کی بہتری اور موسمیاتی تبدیلیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے زرعی جامعہ کی ٹیم مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں جس میں ان کو کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔











