سانحہ اے پی ایس کے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائیگا، پوری قوم شہداء کے خاندان کے ساتھ ہے: گورنر پنجاب

103

لاہور، 16 دسمبر (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم ایک صفحے  پر ہے، سانحہ اے پی ایس کے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائیگا، پوری قوم شہداء کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی سے ملاقات میں کیا۔ چوہدری محمد سرور اور حافظ طاہراشرفی نے اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، ملاقات میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلیے، ملک میں اتحاد و یکجہتی پر زور دیا گیا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج اور جذبہ ایمانی موجود ہے، دہشتگردی کے خلاف 22 کروڑ پاکستانی افواج پاکستان سمیت دیگرسیکورٹی فورسز کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی امن کا قاتل اور دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، پاکستان میں امن استحکام بھارت سے ہضم نہیں ہورہا، دہشت گردی کے پاکستان جیسی قربانیوں کی دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی۔

حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ امن دشمنوں کے عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے، سانحہ اے پی ایس کے شہداء قوم کے ہیروز ہیں، پاکستان میں امن کی خواہش کو دشمن ہماری کمزوری نہ سمجھے، بھارت کی وجہ سے خطے میں امن کو خطرات لاحق ہیں۔