ہنگو :ایمز کالج میں اے پی ایس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا

93

ہنگو،16( اے پی پی )؛ ہنگو ایمز کالج میں اے پی ایس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر ہنگو ممصور ارشد، ایس پی انوسٹی گیشن مجیب الرحمان سمیت ضلع بھر سے علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت ہر طبقہ فکر کے شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء نے تقاریر اور ملی نغموں کے زریعے اپنے شہید بہن بھائیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منصور ارشد نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو اخلاقیات  اور انسانیت سے عاری دہشت گرد عناصر نے مزموم مقاصد کے لئے آرمی پبلک سکول پشاور کا انتخاب کیا مگر ہمارے معصوم بچوں اور سکول کی انتظامیہ نے نہتا ہونے کے باوجود امن دشمنوں کا سینہ تان کر مقابلہ کیا اور شہادت کے منصب کو اپنے گلے کا ہار بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تا قیامت شہدا اے پی ایس ہمارے دلوں میں آباد رہیں گے اور ان کی جواں مردی، استقامت اور وطن کے لئے بے مثل قربانی کو یاد رکھا جائے گا۔ ایس پی انوسٹی گیشن مجیب الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے ہمیشہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے ہر گھٹیہ عمل اختیار کیا ہے، ہمارے معصوم بچوں کو انہوں نے معاف نہیں کیا جو تعلیم کے حصول کے لئے آرمی پبلک سکول پشاور میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے شہدا کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا یہ شہدا ہمارے بچے تھے اور ہمیں اپنے بچوں کی قربانی پر فخر ہے۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور واضح کیا کہ آرمی پبلک سکول کا واقع ہمیں جو درس دیتا ہے اس پر عمل کرتے رہیں گے۔