صدرمملکت کی زیر صدارت علماء مشاورتی ویڈیولنک اجلاس،گورنر خیبرپختونخوا کی صوبے  کے علماء کے  ہمراہ  شرکت

179

پشاور،4دسمبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے آج صوبہ کے علماء کے ہمراہ   صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت کورونا وبا سے متعلق علماء مشاورتی ویڈیولنک اجلاس میں شرکت کی۔

گورنر ہاؤس پشاور سے بذریعہ ویڈیولنک مشاورتی اجلاس میں صوبہ کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء شامل تھے۔علماء نے کوروناکی دوسری لہر سے بچاؤ کیلئے پہلے کی طرح اس بار بھی حکومتی اقدامات اور طے شدہ ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں صوبہ کے علماء نے کورونا کو ایک حقیقت تسلیم کیا اور صوبائی حکومت کو یہ اختیار دیا کہ وہ کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اور حکومتی اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرسکتے ہیں۔علماء کرام کا کہنا تھاکہ انسانی جان قیمتی ہے، کورونا کو مذاق سمجھنے اورسنجیدہ نہ لینے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ خیبرپختونخوا کے علماء نے کانفرنس کو مساجد میں طبی عملہ کی جانب سے کورونا وباسے متعلق معلومات فراہم کرنیکی تجویزدی اور ساتھ ہی اس وبا سے بچاؤ کیلئے میڈیا پر اسلامی تعلیمات پرمپنی پیغامات نشراور شائع کرنیکی بھی تجویزدی۔

علماء کا کہنا تھا کہ وہ اپنا مذہبی ومنصبی کردار اداکرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کے مطابق کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے صوبہ کے عوام کو آگاہی فراہم کریں گے۔

 اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے صوبہ کے علماء کرام کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں علماء کے ساتھ اہم معاملات پر مشاورت کی روایت برسوں سے چلی آرہی ہے اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے ساتھ ہمیشہ اہم معاملات پرمشاورتی عمل اعتماد کے ساتھ جاری رہا اور کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے علماء نے کورونا کے آغاز میں صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیااور انشاء اللہ اسی تعاون کے ساتھ کورونا کی دوسری لہر پر بھی قابوپالیں گے۔

 اجلاس میں وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے حج،اوقاف ومذہبی امور محمد ظہور شاکر، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹرکاظم نیاز، انسپکٹرجنرل آف پولیس ڈاکٹرثناء اللہ عباسی کے علاوہ علماء کرام میں مولانایوسف شاہ، مولاناحسین احمد، ڈاکٹرںعطاء الرحمان، عابدحسین شاکری، محمدطیب قریشی، مفتی نجیب اللہ فاروقی، پیرزادہ جنیدامین، مولانانسیم علی شاہ، علامہ نذیرحسین، ڈاکٹرشمس الرحمان شمس، مفتی فیصل جمیل رضوی، شیخ عبداللہ سلفی، رحمت اللہ قادری، مفتی ظفرزمان اورمولاناطارق حسین سمیت دیگرعلماء کرام شریک تھے۔