صنعتکاروں کے مسائل کاحل اور انہیں سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے: میاں اسلم اقبال

91

لاہور، یکم دسمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صنعتکاروں کے مسائل کاحل اور انہیں سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

منگل کو یہاں پاکستان کوٹینگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین معظم رشید کی قیادت میں وفد سے ملاقات  کے دوران  گفتگو کرتے  ہوئے  صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کوٹینگ انڈسٹری میں ایکسپورٹ کے مواقع موجود ہیں، ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔

محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران کوٹینگ انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔وفد نے کوٹینگ انڈسٹری کے سیل ٹیکس  ریفنڈ کے کلیمز کا معاملہ حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ کوٹینگ انڈسٹری کے سیل ٹیکس ریفنڈ کا مسئلہ ایف بی آر کے حکام سے رابطہ کرکے حل کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کوٹینگ انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔اس صنعت سے وابستہ غیر ہنرمندوں کو کوٹینگ انڈسٹری کی مشاورت سے تربیت فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر چئیر مین پی سی اے نے کہا کہ میاں اسلم اقبال کی صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں۔تمام اراکین وفد  نے  میاں اسلم اقبال سے کہا کہ آپ سے مل کر ہمیں کوٹینگ انڈسٹری کے تمام مسائل کے حل کی امید پیدا ہوئی ہے۔