قبائلی علاقہ جات اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ، آپٹیکل فائبر کیلئے 8  ارب روپے سے زائد کے ریکارڈ منصوبوں کی منظوری

104

اسلام آباد۔20دسمبر  (اے پی پی):قبائلی علاقہ جات ( سابقہ فاٹا)  اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں  براڈ بینڈ ، آپٹیکل فائبر  کیلئے 8 ارب 81  کروڑ روپے کے ریکارڈ منصوبے منظور کئے گئے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق صرف  3 ماہ میں  وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی ہدایت  پر ایک کروڑ سے زائد افراد کیلئے تقریبا 14   ارب  روپے کے  پراجیکٹس کا اجراء کیا گیا۔  گزشتہ اجلاس  میں موبائل فون رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے  5 ارب 11 کروڑ روپے سے زائد کے منصوبوں کی منظوری دی گئی تھی۔  وفاقی سیکریٹری  آئی ٹی و چیئرمین بورڈ شعیب صدیقی کی زیر صدارت یونیورسل سروس فنڈ  بورڈ کے اجلاس  میں  تمام منصوبوں کی متفقہ منظوری دی گئی۔ پراجیکٹس سب سے کم آفر دینے والی کمپنیوں  ٹیلی نار، جاز، پی ٹی سی ایل اور پی ٹی ایم ایل  کو دیئے گئے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق  نے چیئرمین بورڈ، سی ای او اور تمام بورڈ ممبران کو ریکارڈ منصوبے پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسی پذیرائی کی نہیں بلکہ عوامی مشکلات کی فکر ہے اسی لئے وزارت آئی ٹی کے تحت تیزی سے ڈیجیٹل پاکستان کیلئے کام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک کے پسماندہ علاقوں خاص طور پر  قبائلی علاقوں کی  60 لاکھ سے زائد آبادی کو سہولیات میسر آئیں گی۔ انتہائی دشور گزار قبائلی علاقوں میں قیام امن کے بعد  آپٹیکل فائبر کے فوری منصوبے شروع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ ، مہمند ، اورکزئی ، کرم ایجنسی، ایف آر پشاور اور ایف آر کوہاٹ کے علاقوں میں 837 کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر بچھائی جائے گی۔ نوشہروفیروز، شہید بے نظیرآباد اور خیرپور کے 90 ٹاؤنز ،یونین کونسلوں میں 629 کلومیٹر آپٹیکل فائبر بچھانے کا منصوبہ ہے۔آپٹیکل فائبر کے ان دونوں منصوبوں پر مجموعی لاگت 4 ارب، 65 کروڑ، 98 لاکھ 64 ہزار 984 روپے آئے گی۔ چاغی، نوشکی، ، گوادار، ، کیچھ اور پنجگور  کے پسماندہ اور دور دراز علاقے  جبکہ  جہلم، چکوال   کیلئے مختلف پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔ منصوبوں کے تحت 86  ہزار 773 مربع کلومیٹر میں 9  لاکھ 88 ہزار 477 افراد کو وائس اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی  ہوگی۔ وائس اینڈ براڈ بینڈ منصوبوں کی مجموعی لاگت 4 ارب، 15کروڑ 28 لاکھ 10 ہزار 446 روپے ہوگی۔