لاہور؛ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے آن لائن ریٹائرمنٹ سسٹم برائے اساتذہ کا افتتاح  کر  دیا 

116

لاہور،29 دسمبر (اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے قائد ہیڈکوارٹرز وحدت روڈ لاہور میں آن لائن ریٹائرمنٹ سسٹم برائے اساتذہ کا افتتاح  کر  دیا  ۔

اس موقع پر  منعقدہ   تقریب  سے  خطاب میں  ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہم نے اساتذہ کو پڑھانے کے لئے بھرتی کیا ہے اور انہیں ناقص سسٹم کی بدولت مشکلات میں الجھائے رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا مکمل نظام آن لائن ہونے سے بدعنوانی کے عنصر کا بڑے پیمانے پر خاتمہ ہو گا،  اساتذہ کے لئے تیار کئے جانے والے اس آن لائن ریٹائرمنٹ سسٹم کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔

وزیر تعلیم  نے کہا کہ   آن لائن ریٹائرمنٹ سسٹم کی بدولت ریٹائر ہونے والے اساتذہ کو گھر بیٹھے ریٹائرمنٹ نوٹیفیکیشن مل سکے گا،ماضی کی حکومتوں کی جانب سے دانستہ طور پر ٹیکنالوجی کے استعمال کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال شفافیت لاتا ہے اور یہ ماضی کی حکومتوں کو قطعاً گوارا نہ تھا،  ہماری پوری کوشش ہے کہ اپنے اس حکومت کے دورانیہ میں ادارے کے زیادہ سے زیادہ معاملات کو ڈیجیٹائز کیا جائے۔

 ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ    رواں سال ای ٹرانسفر سسٹم کے ذریعے 99526 درخواستیں موصول ہوئیں اور 55838 اساتذہ کے آن لائن تبادلے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ  پانچویں جماعت کے بورڈ امتحانات کو معطل کر کے بہترین اسیسمنٹ پالیسی لائی جا رہی ہے۔ان کا کہنا  تھا  کہ نجی سکولوں کے لئے متعارف کرائے جانے والے آن لائن رجسٹریشن سسٹم کے تحت اب تک 31864 نجی سکول آن لائن رجسٹر ہو چکے ہیں۔رواں سال صوبے بھر کے 1227 سکولوں کو بغیر کسی اضافی خرچ کے اپگریڈ کیا گیا۔

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ کرونا وائرس کے بحران میں طلبا کے تعلیمی حرج کو کم سے کم کرنے کے لیے آن لائن چینل تعلیم گھر کا انعقاد کیا گیا  ہے۔ نجی اکیڈمی کلچر کے خاتمے اور والدین کی آسانی کے لئے انصاف اکیڈمی کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ سنگل نیشنل کریکولم کو حال ہی میں پنجاب کابینہ کی جانب سے منظور کیا گیا ہے۔