لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں آکسیجن وافر مقدار میں موجود ہے جسکی کورونا کے ساتھ دیگر تمام داخل مریضوں کو بلا تعطل فراہمی جاری ہے: ترجمان محمد عاصم

90

پشاور، 7دسمبر(اے پی پی): لیڈی ریڈنگ ہسپتال ترجمان محمد عاصم نے کہا ہے کہ ہسپتال میں کرونا اور دیگر مریضوں کیلئے آکسیجن وافر مقدار میں موجود ہے جسکی کورونا کے ساتھ دیگر تمام داخل مریضوں کو بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔

ہسپتال ترجمان محمد عاصم نے ہسپتال میں کرونا مریضوں کی صورتحال بارے بتاتے ہوئے کہا کہ ایل آر ایچ کے کورونا کمپلیکس سے دو دنوں میں دس مریض ڈسچارج کردئیے گئے جنکی عمریں 50 سے 70 سال کے درمیان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں کورونا کے صرف تشویشناک مریض ہی داخل کئے جاتے ہیں جنکے بارے ہسپتال ڈائریکٹر بلال بشیر نے تمام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ہسپتال ترجمان نے کہا کہ کورونا کے جو مریض ٹھیک ہو کر گھر جاتے ہیں تو اس سے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ خوش اور انکا مورال بلند ہو جاتا ہے۔  اس بات میں شک نہیں کہ ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملے کا کردار تاریخی ہے جسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔