ملتان؛قلندر پاک کے سالانہ عرس کے موقع پر آل پاکستان گھوڑا ڈانس میلہ،  جھومر ناچ، لنگوری ریڑ اور دھمال کا کمال دکھایا گیا

234

ملتان،01 دسمبر(اے پی پی): موضع غلام شاہ میں معروف روحانی بزرگ قلندر پاک کے سالانہ عرس مبارک بیٹھک پر آل پاکستان گھوڑا ڈانس میلہ کی قدیم روایات  کو زندہ رکھنے کیلئے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلوں میں پاکستان کے مشہور ثقافتی کھیل گھوڑا ڈانس جھومر ناچ، لنگوری ریڑ اور دھمال کا کمال دکھایا گیا، میلہ میں گھوڑوں کے ڈانس کے دلچسپ مقابلے ہوئے جس میں پاکستان بھر کے تمام اضلاع سے آئے منتخب گھوڑوں نے میوزک اور ڈھول کی تھاپ پر ڈانس کیا، جسے دیکھ کرشرکاء دنگ رہ گئے، رقص کے ان مقابلوں میں کالا رنگ کے اور براؤن گھوڑے نے  عوام کی خصوصی توجہ حاصل کی۔

 دوسری طرف گھوڑوں کے مالکان اور سرداروں کا کہنا ہے کہ ایک اعلیٰ نسل کے گھوڑے کو تیار کرنے میں بہت محنت درکار ہوتی ہے، گھوڑوں کی تیاری کے لیے 3 سے 4 سال کا عرصہ لگتا ہے اور یہ ہمارا شوق ہے۔

 میلے کے مہمان خصوصی نائب صدر فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  زاہد اقبال چوہدری تھے۔ چئیرمین ملک امجد علی لنگڑیال اور ملک شاہد یار لنگڑیال، پیر لال سید سخی حسین شاہ سمیت  سیاسی و سماجی شخصیات اور ہزاروں افراد نے شرکت کی۔