وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نمل یونیورسٹی کے ریکٹر میجر جنرل ریٹائرڈ محمدجعفر   کی  ملاقات

145

اسلام آباد،03 دسمبر(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نمل یونیورسٹی کے ریکٹر میجر جنرل ریٹائرڈ محمدجعفر  نے ملاقات کی ۔ملاقات دوران پاکستان اور مختلف ممالک کے مابین طلباء کے تبادلے اور معیار تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  ریکٹر نمل نے وزیر خارجہ کو نمل یونیورسٹی میں جاری علمی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نمل یونیورسٹی دوست ممالک کی جامعات کے ساتھ ریسرچ اور اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام ترتیب دینا چاہتی ہے تا کہ پاکستان میں جدید تعلیم کی راہیں پیدا کی جا سکیں۔

ریکٹر نمل یونیورسٹی ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جو مقامی اور بین الاقوامی 29 زبانوں کی تعلیم دینے کے علاوہ سوشل  سائنسز،انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنسز اور مینجمنٹ سائنسز کی تعلیم دے رہی ہے۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا  ہےکہ نمل یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے،  اور قومی مفادات کو لاحق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے اور نوجوانوں کی استعداد کار کو بڑھانے میں اہم کر دار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے جامعہ نمل میں معیار تعلیم کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ بالخصوص ریکٹر نمل یونیورسٹی میجر جنرل( ر)محمد جعفر کی خدمات کو سراہا۔

وزیر خارجہ نے ریکٹر نمل کو جامعہ نمل کے بین الاقوامی سطح کے اقدام کو آگے بڑھانے کے حوالے سے وزارت خارجہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔