وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی  یو اے ای کے ہم منصب سے ملاقات،دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

557

دبئی،18دسمبر(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای )کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے جمعہ کو یہاں ملاقات کی، دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی مخدوش صورت حال سے آگاہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے اب تک سامنے آنے والی مثبت پیش رفت پر بھی تبادلہ ء خیال ہوا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین، گہرے ،تاریخی، برادرانہ تعلقات ہیں، یو اے ای نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ،افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یو اے ای میں مقیم 16 لاکھ کے قریب پاکستانی گذشتہ کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے جلد از جلد ازالے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کردہ  معاونت قابلِ تحسین ہے۔ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا،دونوں وزرائے خارجہ کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔