اسلام آباد،07دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری ، سائنس اور ٹیکنالوجی ، ثقافت اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان میں بیلاروس کے سبکدوش ہونے والے سفیر اینڈدی ارمولووچ سے الوداعی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کاخواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے لئے حوصلہ افزا مواقع پیش کرتا ہے ۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ثقافت ، سیاحت اور دواسازی کے شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلیم کے میدان میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت سے ثقافتی روابط کے فروغ میں مدد ملے گی۔انہوں نےامید ظاہر کی کہ سبکدوش ہونے والے سفیر پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔











