پاکستان سول ایوی ایشن انتہائی قابل اور پروفیشنل لوگوں پر مشتمل ہے: سپیکرخیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی

94

 

پشاور،07 دسمبر(اے پی پی): سپیکرخیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے پشاور سول ایوی ایشن اور ائیرپورٹ  ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ائیر سسٹم سول ایوی ایشن کی کارکردگی پر منحصر ہوتی ہے اور الحمدللہ پاکستان کی سول ایوی ایشن انتہائی قابل اور پروفیشنل لوگوں پر مشتمل ہے۔

 وہ عالمی سول ایوی ایشن ڈے کے موقع پر پشاور باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔اس موقع پر ا سپیکر مشتاق احمد غنی نے سول ایوی ایشن ڈے کی مناسبت سے کیک کاٹا اور ائیرپورٹ پر یادگاری پودا بھی لگایا۔

منعقدہ  تقریب  سے خطاب میں  سپیکر مشتاق غنی نے سول ایوی ایشن اور ائیرپورٹ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن دنیا کی صف اول کی ائیرلائن تھی جس نے اماراتی ائیرلاین و دیگر کو بھی اپنے پاوں پر کھڑا کیا مگر ماضی کی حکومتوں کی نااہلی و غفلت کے باعث قومی ائیرلائن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا،آج اللہ کے فضل سے وزیر اعظم عمران خان کی زیرقیادت قومی ائیرلائن کو دوبارہ عالمی  خطوط پر استوار کرکے بہت جلد اسکا کھویا ہوا مقام واپس دلایا جاے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن ہمیں باور کراتا یے کہ جہاں ہمارے شاہینوں نے پاک وطن کی فضاوَں کو محفوظ رکھا یے وہاں ان آسمانوں ہر اڑان بھرنے والے جہازوں کی حفاظت و نگرانی کرنے والے ایوی ایشن کے لوگوں نے بھی اپنا کام بہترین انداز اور ملی حمیت سے سرانجام دیا ہے، ہمیں اپنی سول ایوی ایشن کی ٹیم پر ناز ہے.،اللہ انکو مزید ترقی و بلندی عطا فرمائے۔

 سپیکر مشتاق غنی کے ہمراہ اس موقع پر سول ایوی ایشن،ائیرپورٹ سیکورٹی و دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔