7دسمبر کے دن کو بطور ووٹرز ڈے منانے کا بنیادی مقصد عوام الناس کو ان کے جمہوری حقوق  اور ذمہ داریوں سے متعلق  آگاہی دینا ہے  : چیف الیکشن کمشنر

98

اسلام آباد ،07 دسمبر (اے پی پی ):قومی ووٹرز ڈے کی مرکزی تقریب آج الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ نے کی ۔ تقریب میں الیکشن کمیشن کے افسران یو این ڈی پی اور انٹرنیشنل فاونڈیشن  فارالیکٹورل سسٹمز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  جنا ب سکندر سلطان راجہ نے  کہا کہ 7دسمبر کے دن کو بطور ووٹرز ڈے منانے کا بنیادی مقصد عوام الناس کو ان کے جمہوری حقوق  اور ذمہ داریوں سے متعلق  آگاہی دینا ہے  تاکہ لوگ جمہوری عمل کا حصہ بنیں  اور الیکشن کے شفاف  اور ُپرامن انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔  انہوں نے مزید کہا الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک خود مختار آئینی ادارہ  ہے جس کے فرائض میں الیکشن  کے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانا شامل ہے  ۔

 انہوں نے کہا  تمام اہل ووٹروں  کا قانون کے مطابق  درست انتخابی  علاقوں  میں اندراج کو  یقینی  بنایا گیا   ہے اور تما م ایسے اہل افراد جن کےووٹوں کا اندراج نہیں تھا ان کا اندراج کیا گیا الیکشن کمیشن کےان اقدامات سے ووٹروں  کی تعداد  میں خاطرہ خواہ اضافہ ہوا جو کہ پہلے 112 ملین تھے  اور اب 115 ملین  ہو گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ایک اہم ذمہ داری آئین پاکستان کے آرٹیکل  219 ، 140(A) اور الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 219 کے تحت مقامی حکومتوں  کے انتخابات کا  بروقت انعقاد  ہے   اس ضمن  میں  الیکشن کمیشن  نے اپنی  تیاریاں  ہر لحاظ سے  مکمل کی ہوئی ہیں۔Covid-19کے تناظر میں الیکشن کمیشن  الیکشن کے انعقاد  کے سلسلے میں NCOC سے مکمل رابطے میں  ہے این سی او سی کی روشنی میں 31 جنوری  2021تک انتخابات کا انعقاد Covid-19 کی وجہ سے  روک دیا  گیا ہے ۔

انہوں نےمزید کہا کہ الیکشن کمیشن  کےا سٹرٹیجک پلان 2023-2019کے تحت الیکشن آپریشن میں بہتری لائی جا رہی ہے ، تمام اہل افراد کے ووٹوں کا اندارج کیا جا رہا ہے ، پبلک اور ووٹرز ایجوکیشن  کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور انتخابی عمل  میں نئی ٹیکنالوجی کا استعمال بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ  ووٹر لسٹوں میں ضفی فرق کی وجوہات جاننے کے لئے  ہم نے جولائی 2020ء میں 21 اضلاع کی 21 تحصیلوں  اور 229 شماریاتی  بلاک کوڈز  میں ایک پائلٹ پراجیکٹ  شروع کیا ۔ مذکورہ  بالا پائلٹ پراجیکٹ  تکمیل کے مراحل میں ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے آن لائن  cms.ecp.gov.pkکمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم  متعارف کروایا ہے ۔اس  سسٹم کے تحت تمام شکایات جوعوام الناس کی طرف سے  الیکشن کمیشن کے کسی بھی  دفتر/ آفیسر   سے متعلق  ہوں اسکی باقاعدہ نگرانی  کی جاتی ہے ۔ اور اس سسٹم کے تحت  اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کی صورت میں انہیں فوری ریلیف  دیا جائے ۔

  انہوں نے  مزید کہا کہ  ذریعے کوئی بھی پاکستان کا  شہری اپنا شناختی کارڈ  نمبر 8300 پر ایس ایم ایس بھیج کر اپنے ووٹ کی مکمل تفصیل حاصل کر سکتا ہے ۔

بعدازاں  چیف الیکشن کمشنر نے  عوام کی سہولت کے لئے 051-8848888کا افتتاح  کیا ۔ اس سسٹم   کے ذریعے الیکشن کمیشن  کے متعلق ضروری معلومات اور مدد حاصل کی جا سکتی ہے  ۔ اس سسٹم کا باضابطہ  آغاز آج کے دن سے کیا جا رہا ہے ۔ تقریب سے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بھی خطاب کیا۔

مزید براں آ ج الیکشن  کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پورے پاکستان میں نیشنل ووٹر ز ڈے کی تقریبا ت منعقد کی گئیں۔