پشاور : لیڈی ریڈنگ ہسپتال کو کورونا ٹیسٹ کے لئےجدید ٹیسٹنگ کٹ  فراہم

120

پشاور، 4 دسمبر(اے پی پی): پشاور کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کو کورونا ٹیسٹ کے لئے جدید اینٹیجن  ٹیسٹنگ کٹس فراہم کردی گئی ہیں جن سے 30 منٹ میں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ حاصل کی جا سکے گی۔

ہسپتال ترجمان نے اس بارے میں بتایا کہ مذکورہ ٹیسٹ کی سہولت سے کورونا کے مریضوں کو انتظار کی زحمت سے بچایا جا سکے گا اور انکی ٹیسٹ رپورٹس بھی اب جلدی مل جایا کرینگی جس سے علاج بھی جلد شروع ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ باہر اس ٹیسٹ پر تقریباً 1200 روپے خرچ آتا ہے لیکن ایل آر ایچ میں یہ سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے اور آج تقریباً 10 کورونا کے مشتبہ کیسسز کا اینٹی جن ٹیسٹ بالکل مفت کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ٹیسٹنگ کی اس جدید ٹیکنالوجی سے مشتبہ اور مثبت کیسوں کو بروقت اپنے وارڈز شفٹ کیا جا سکے گا،چونکہ ایل آر ایچ انتظامیہ کورونا کے مریضوں کے علاج کے بارے میں انتہائی سنجیدہ ہے اسلئے ان کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔