پی ڈی ایم کے جلسے ناکام رہے، اس ٹولے کو اب ترقی مخالف سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے؛ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار

151

لاہور،3 دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے ملاقات کی۔باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پی ڈی ایم کا کردار قومی مفادات کے منافی ہے۔پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے۔عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ یہ وقت انتشار کی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد و اتفاق کا ہے۔اپوزیشن جماعتوں کو اپنے منفی طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے ناکام رہے، اس ٹولے کو اب ترقی مخالف سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2 برس میں پنجاب میں فلاح عامہ کے ریکارڈ کاموں کی مثال 70 برس میں نہیں ملتی ہے۔پسماندہ علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی خود کررہا ہوں۔عثمان بزدار نے کہا کہ عوامی خدمت کے مشن میں کسی کو حائل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات میں گفتگو کے دوران ندیم افضل چن نے کہا کہ پی ڈی ایم کو وسیع تر قومی مفاد میں جلسوں سے گریز کرنا چاہیئے۔کورونا وباء کے دوران عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا کوئی دانشمندی نہیں۔