آزادانہ صحافت ہی ملک میں جمہوری رویوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہے؛ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

243

اسلام آباد،3دسمبر  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی  نے کہا ہے کہ آزادانہ صحافت ہی ملک میں جمہوری رویوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہے، جنوبی پنجاب کی ثقافت کا اپنا ایک مخصوص انداز ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے قانون سازی سمیت دیگر اقدامات زیر غور ہیں۔

 ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے  تونسہ پریس کلب کے صحافیوں کے وفد سے  گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں  ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ آزادانہ صحافت ہی ملک میں جمہوری رویوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ جنوبی پنجاب کی ثقافت کا اپنا ایک مخصوص انداز ہے۔  انہوں نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں فرائض سرانجام دینے والے صحافی وسائل کی کمی کے باوجود عوام کو باخبر رکھنے کیلئے کوشاں ہیں۔  صحافیوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے قانون سازی سمیت دیگر اقدامات زیر غور ہیں۔

  انہوں نے کہا کہ  متعلقہ سٹیک ہولڈز سے مشاورت کریں گے،  میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے اور میڈیا ورکرز جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ عوامی آگاہی اور شعور اجاگر کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میڈیا پسماندہ طبقات کی آواز پارلیمان تک پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے۔انہوں  نے ایوان بالا کے صوبائی رابطہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ ایوان بالا نے ہمیشہ موثر انداز میں محروم اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے۔  انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل، غربت کے خاتمے اور سماجی ترقی کی قومی سوچ کو فروغ دینا ہو گا۔    نوجوان نسل میں کاروبار اور کاروباری سرگرمیوں کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔