اسلام آباد،یکم دسمبر (اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، پاکستان خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
منگل کو یہاں چینی وزیرِ دفاع وے فَنگ حا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ون چائنہ پالیسی ، تائیوان ، تبت ، سنکیانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کرتا ہے،دونوں ممالک نے باہمی مفاد کے لئے دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارتی بالادستی کے عزائم سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے،بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔
صدر عارف علوی نے چین کی معاشی ترقی اور چینی حکومت کے کورونا وبا کے خلاف اقدامات سمیت مسئلہ کشمیر اور اس پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر چینی حمایت کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین فوجی تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور امید ہے کہ اس دورے سے دفاعی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
چینی وزیر دفاع نے کہا کہ صدر کی جانب سے نشان امتیاز (ملٹری) کا ایوارڈ عطا کرنا دونوں ممالک کے مابین حقیقی دوستی کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ترقی کے فوائد بانٹنا چاہتا ہے جو پاکستان کی معاشی ترقی میں مددگار ہوں گے۔
چینی وزیر دفاع نے کورونا وبا کے دوران طبی سامان بھیجنے اور مارچ 2020 میں چین کا دورہ کرنے والے واحد غیر ملکی شخصیت ہونے پر صدر عارف علوی شکریہ ادا کیا۔