ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اوران کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے:وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار

90

لاہور4دسمبر (اے پی پی ):وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حکومت کی کارکردگی اورفلاح عامہ کے منصوبوں کو موثر انداز سے اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم کے شرانگیز بیانیے کا بھر پور جواب دیا جائے۔عوام کو ریلیف دینے اور گڈ گورننس کیلئے کیے گئے اقدامات کو بہترین طریقے سے عوام کے سامنے لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ2برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں۔صوبے میں ون مین شو کاخاتمہ کیا ہے۔عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہر کام مشاورت سے اورایک ٹیم کے طورپر کام کررہے ہیں۔حکومت کے بروقت فیصلوں سے آٹے اورچینی کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20کلو آٹے کا تھیلہ مقررکردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔سہولت بازاروں میں چینی 81روپے میں مل رہی ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ

ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اوران کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔عوام کے حقوق پرکسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا پاکستان مخالف بیانیہ پٹ چکا ہے-پی ڈی ایم کا ٹولہ جلسوں کے ذریعے کورونا پھیلارہا ہے۔عوام کے مسترد شدہ عناصر کے دلوں میں دکھی انسانیت کیلئے رتی بھر درد نہیں۔اس موقع پر فردوس عاشق نے کہا کہ حکومت کے عوامی فلاح کے کاموں کو بہترین طریقے سے اجاگرکرنے کیلئے حکمت عملی بنالی ہے۔پی ڈی ایم کے سیاسی یتیم پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن عناصر ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔اپوزیشن جماعتیں ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ٹولے کی آنکھوں پر کالی پٹی بند چکی ہے۔پی ڈی ایم کے سیاہ کاراپنی کرپشن کے کالے کرتوت پر پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان کی ترقی کو سیاہ کرنا چاہتے ہیں۔قوم کو وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن اپنے جال میں خود پھنس چکی ہے۔22 کروڑ پاکستانی سرٹیفائیڈلٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔