ہنگو، 02 دسمبر (اے پی پی ):محکمہ انٹی کرپشن خیبر پختونخواہ کی اورکزئی ہیڈ کوارٹر ہنگو میں کامیاب کارروائی ،نوکری کے لیے رشوت لینے والے محکمہ ایجو کیشن کے جونئیر کلرک کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔انٹی کرپشن حکام کے مطابق جونئیر کلرک سے شہری سے لی جانے والی رقم2 لاکھ 32 ہزار روپے موقع پر برآمد کر لیے گئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ رحمت اللہ وزیر کی سربراہی میں انٹی کرپشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نصیر علی نے شہری کی شکایات پر کارروائی کی۔متعلقہ حکام کے مطابق سید ملک حسین سکنہ کرم ڈسٹرکٹ کی شکایت پر جونیر کلرک کے خلاف کارروائی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جونئیر کلرک محمد رشید کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے محکمانہ ایف آئی آر درج کر لیا گیا ہے ۔