اوکاڑہ ،07دسمبر(اے پی پی ):اوکاڑہ یونیورسٹی میں بیسٹ ریسرچرایوارڈ 2019-2020 کا انعقاد ہوا جس میں گزشتہ دو سالوں کے دوران بہترین تحقیقی مقالہ جات لکھنے والے اٹھارہ اساتذہ میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ تقریب کا انعقاد ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر کامران ارشد کی جانب سے کیا گیا۔
تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے بطور مہمان خصوصی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ اس ایوارڈ کا مقصد اوکاڑہ یونیورسٹی کے اساتذہ کی تعلیمی و تحقیقی کاوشوں کو سراہنا ہے۔ انہوں نے تمام اساتذہ کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ تحقیق میں اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور اچھے مقالہ جات پیدا کریں کیونکہ بین الاقوامی تعلیمی میدان میں اس کے بغیر مقابلہ ممکن نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کی انتظامیہ اساتذہ کو تحقیق کے لیے تمام طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے،مستقبل میں ہم اس یونیورسٹی کو ایک بین الاقوامی تحقیقی ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔
بیسٹ یونیورسٹی ایوارڈ کیٹگری میں ڈاکٹر کامران ارشد نے پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ ڈاکٹر ریاض حسین دوسری اور ڈاکٹر امجد تیسری پوزیشن کے حقدار ٹھہرے۔
بیسٹ فیکلٹی ایوارڈ یونیورسٹی کی تمام فیکلٹیز میں برابر تقسیم ہوا۔ فیکلٹی آف لائف سائنسز میں پہلی پوزیشن ڈاکٹر ماریہ منظور نے لی جب کہ دوسری اور تیسری پوزیشن کے ایوارڈز ڈاکٹر شفیق الرحمن اور ڈاکٹر ادیب بابر میں بالترتیب تقسیم ہوئے۔فیکلٹی آف سائنسز میں پہلی پوزیشن ڈاکٹر حمود الرحمن ، دوسری پوزیشن ڈاکٹر عاطف علی الطاف اور تیسری پوزیشن ڈاکٹر غلام مصطفی نے حاصل کی۔ فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ سوشل سائنسر میں پہلی پوزیشن ڈاکٹر رائے شہباز، دوسری پوزیشن ڈاکٹر ساقب جمیل اور تیسری پوزیشن رائے امتیاز حسین کے حصے میں آئی۔فیکلٹی آف ایجوکیشن میں پہلی پوزیشن کے حقدار ڈاکٹر خالد سلیم ٹھہرے جب کہ دوسری پوزیشن ڈاکٹر طاہر خان فاروقی اور تیسری پوزیشن ڈاکٹر نسرین اختر کو ملی۔ فیکلٹی آف کمپوٹنگ میں پہلی پوزیشن ڈاکٹر ریاض الامین ، دوسری ڈاکٹر غلام علی اور تیسری سنا یاسین کو ملی۔











