پاکستان اور ترکی کابین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے   پر اتفاق

0
41

اسلام آباد،13جنوری  (اے پی پی):پاکستان اور ترکی  نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے انکے ترک ہم منصب مولود چاوش اولو   نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں وفود کی   سطح  پر  ملاقات کی ،ملاقات کے دوران دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات ،اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا  اور دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے مابین 71 نکاتی  اسٹریٹیجک اکنامک فریم ورک پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد