افغانستان میں قیام امن سے خطے میں امن و خوشحالی کے نئے  دور کا آغاز  ہو گا؛ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

103

اسلام آباد، 11 جنوری (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن سے افغانستان اور خطے میں امن و خوشحالی کے نئے  دور کا آغاز  ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان قیادت میں طے پانے ہونے والے امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

  انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کی شام افغان حزب وحدت اسلامی کے چیئرمین محمد کریم خلیلی سے ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوے کیا۔ملاقات کے دوران پاک افغان تعلقات اور خطے کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور افغان عوام مذہب ، اخوت، تاریخ اور ثقافت کے لازوال تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں جامع ، وسیع البنیاد اور سیاسی امن کوششوں کی حمایت میں پرعزم ہے۔  انہوں نے کہا کہ امن عمل میں شامل فریقین کو افغانستان میں قیام امن کے لئے اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔  انہوں نے کہا کہ امن عمل میں مثبت پیشرفت افغان قیادت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے، امن کی آمد کے ساتھ ہی ملک ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔

پارلیمنٹ اور پاک-افغان فرینڈشپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان نے دو طرفہ تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ میں حائل ٹیرف اور دیگر رکاوٹوں کو دور کرنے کے علاوہ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران اپنے افغان بھائیوں کے لئے سرحدیں کھلی رکھیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام، طلباء خصوصا مریضوں کے لئے ویزا سہولیات سے افغان عوام کی سفری مشکلات میں آسانی ہو گی۔

  انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کے باعث وسطی ایشیاء کے لئے ایک گیٹ وے ہے جس سے افغانستان اور وسطی ایشیا تک سی پیک کے فوائد کو پہنچایا جا سکتا ہے۔

حزب وحدت اسلامی کے چیئرمین محمد کریم خلیلی نے کہا کہ افغان عوام افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان قوم افغان مہاجرین کی طویل مدتی مہمان نوازی پر پاکستان کا شکر گزار ہے۔  انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانستان میں دیرپا امن کے لئے تمام فریقوں کی شمولیت ضروری ہے۔  محمد کریم خلیلی نے کہا کہ سرحد کے دونوں اطراف کے لوگوں کے مابین قریبی روابط موجود ہیں جس کی وجہ سے وہ مضبوط بندھنوں میں بندھے ہوئے ہیں۔  انہوں نے دونوں ممالک کی سیاسی قیادت اور عوام کو مزید قریب لانے میں اسپیکر اسد قیصر کے ان اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کی مذمت کی۔