اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کیلئے جمہوریت، پارلیمنٹ اور سیاست کے پیچھے چھپ رہی ہے؛اعظم خان سواتی

54

لاہور،23 جنوری  ( اے پی پی ): وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کےلئے جمہوریت، پارلیمنٹ اور سیاست کے پیچھے چھپ رہی ہے،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ہی چیئرمین نیب کو بلا سکتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے جو کہا وہ ٹھیک کہا۔

وہ ہفتہ کے روز یہاں ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے ملاقات کرکے انہیں آگاہ کیا کہ ماضی میں سگنل منصوبہ میں کرپشن ہوئی ہے ،نیب چیئرمین کو کہا کہ جس افسر نے چوری کی اسے سخت سزا دیں اور کیس کا فیصلہ جلد کریں۔

وزیر ریلویز نے ریلوے کو درست حالت میں لانے کا پروگرام بتاتے ہوئے کہا کہ 1.2 ٹریلین روپے  ریلوے میں ڈوب چکا ہے ،ریلوے کو نئے بزنس ماڈل اور نئے انفراسٹرکچر کے ساتھ  تبدیل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کو نئے بزنس ماڈل اور نئے انفراسٹرکچر کے ساتھ تبدیل کریں گے، 36 ملین فریٹ کا ہدف مقرر کیا ہے جسے حکومت کی مدت ختم ہونے تک مکمل کرلوں گا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ اگر وزیر اعظم عمران خان تنقید برداشت کررہے ہیں تو میں بھی تنقید برداشت کروں گا، جب تک افسر یا ورکرکو اچھی گاڑی نہیں دوں گا تو کوئی بھی محکمہ نہیں چل سکتا، افسر اور مزدور میری آنکھوں کے تارے ہیں، مسافروں پر نہیں فریٹ پر فوکس ہے ، سکول یا ہسپتال چلانا میرا کام نہیں جہاں نقصان ہوگا اسے آﺅٹ سورس کردوں گا تاکہ مسافر بہتر طریقے سے سفر کر سکیں۔