خیبر پختونخوا میں کوآپریٹوفارمنگ کے ذریعے نوجوان طبقہ کو زیتون کی کاشت کی طرف مائل کیاجاسکتاہے؛ گورنر شاہ  فرمان

95

پشاور،7 جنوری(اے پی پی): گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے   کہا ہے  کہ  صوبہ میں زیتون کی وسیع رقبہ پرکاشت کیلئے موثر زمین موجود ہے،صوبہ میں کوآپریٹوفارمنگ کے ذریعے نوجوان طبقہ کو زیتون کی کاشت کی طرف مائل کیاجاسکتاہے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  جمعرات کے روز بذریعہ ویڈیولنک زیتون کی کاشت سے متعلق پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اسلام اباد کے اجلاس میں شرکت کے دوران کیا ۔اجلاس میں زیتون کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے گورنرشاہ فرمان سے خصوصی طور پر تجاویزو راہنمائی پیش کرنیکی درخواست کی گئی۔اجلاس میں زیتون کی کاشت کو 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ میں شامل کرنے سے متعلق مختلف امور پرتبادلہ خیال کیاگیا، اجلاس کو بتایاگیاکہ صوبہ میں محکمہ زراعت اور جنگلات اس منصوبہ کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے اجلاس کو صوبہ میں معیاری زیتون کی کاشت کی استعداد واہمیت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ نوجوانوں کو زیتون کی کاشت کے مواقع فراہم کرنے سے روزگار میں اضافہ ہوگا۔صوبہ میں زیتون کی کاشت کوفروغ دینے کیلئے وفاقی متعلقہ محکمے اپنا موثرعملی کردار ادا کریں۔ گورنرنے کہاکہ خیبرپختونخوا معیاری زیتون کی کاشت کیلئے زرخیز زمین کا حامل صوبہ ہے،پاکستان میں معیاری زیتون پایاجاتاہے، جس میں سعودیہ سمیت عالمی ممالک گہری دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ اولیو سونامی کے نام سے زیتون کی کاشت سے مقامی سطح پر روزگار کے ساتھ زیتون کی ایکسپورٹ بے تحاشا بڑھ جائیگی۔

اجلاس میں صوبائی وزیرجنگلات اشتیاق ارمڑ، فوڈسیکیورٹی،ماحولیاتی تبدیلی، پلاننگ کمیٹی سمیت دوسرے صوبائی متعلقہ محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔