رحیم یار خان ،12 جنوری (اے پی پی ): صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے ٹاؤن کمیٹی ظاہر پیر کا دورہ کیا اور 67 کروڑ سے زائد لاگت کے منصوبوں کا افتتاح و جائزہ لیا، صوبائی وزیر خزانہ نے نوتعمیر ریسکیو1122 عمارت اور سیوریج سکیم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ موجودہ حکومت شہری و دیہی عوام کی ترقی پر یکساں توجہ دے رہی ہے،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ایجنڈا میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظاہر پیر میں سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے جدید مشینری فراہم کر دی گئی ہے ،ظاہر پیر میں 35 کروڑ سے زائد لاگت سے سیوریج منصوبہ مکمل اور رابطہ سڑکیں بحال کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 اسٹیشن کی تعمیر پر 6 کڑوڑ سے زائد فنڈز لگائے جائیں گے اور شیخ زید ہسپتال اینڈ میڈیکل کالج کے منصوبہ (ہب اینڈ سکوپ) کے تحت جدید ٹراما سنٹر ظاہر پیر میں تعمیر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹراما سنٹر کےقیام سے سی پیک سمیت دیگر شاہرات پر حادثات کا شکار ہونے والی گاڑیوں کے متاثرین کو فوری طبی امداد کی فراہمی ممکن ہو گی۔
مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا افراتفری پھیلا کر ملکی ترقی میں رخنہ ڈالنا ہے،عوام نے پی ڈی ایم اے کو مسترد کر دیا ہے۔











