پنجاب کے ہر شہری کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا نصب العین ہے:ڈاکٹر یاسمین راشد

267

ملتان، 12جنوری(اے پی پی ):وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا نصب العین ہے،وفاقی حکومت سے ملنے والے21 ارب روپے بھی صحت کے شعبے میں استعمال کریں گے۔

ان خیالات کا  اظہار صوبائی وزیر نے منگل  کو یہاں پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ ایمرسن کالج میں روڈ شو کے انعقاد کے  موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ2کروڑ22 لاکھ پنجاب کے رہائشیوں کو سال کے اختتام پر صحت کارڈز فراہم کیے  جائیں  گے ، صحت کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کو بھی قرضوں کی صورت میں مراعات دے رہے ہیں جبکہ ساہیوال،ڈی جی خان میں 42 فیصد صحت کارڈز لوگوں میں تقسیم کر چکے ہیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاپرائیویٹ سیکٹر میں صحت سہولیات کی دستیابی کے لئے40ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ساؤتھ پنجاب کی ترقی کے لیے ترقیاتی کام روز و شور سے جاری ہیں۔ڈی جی خان میں جدید ترین کارڈیالوجی ہسپتال قائم کیاجارہا ہے۔ملتان کارڈیالوجی ہسپتال کے توسیعی منصوبہ کے لیے جلد فنڈز فراہم کر رہے ہیں ۔