زیتون کی استعداد کو وسائل میں لاتے ہوئے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا مقصود ہے: گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان

59

پشاور،12 جنوری(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کی زیرصدارت منگل کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں صوبہ میں زیتون کی کاشت منصوبہ سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، سیکرٹری محکمہ زراعت محمداسرار، سیکرٹری محکمہ جنگلات شاہداللہ خان، ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنرسیف الاسلام سمیت دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں زیتون کی کاشت کیلئے تمام اضلاع میں میسرموزوں زمین، گرافٹنگ اور نئے پودے لگانے کے طریقہ کاراور زیتون کی نرسری کی تعداد پرتبادلہ خیال کیاگیا جبکہ ابتدائی طور پر 3 سال کے عرصہ میں زیتون کے نئے پودے اورگرافٹنگ کی مجوزہ تعداد اور ٹارگٹ کے حصول سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں زیتون کے پودوں کی دیکھ بھال اورمقامی افراد باالخصوص نوجوانوں اورطلبہ کو کوآپریٹو فارمنگ کے ذریعے زیتون کی کاشت میں شامل کرنے سے متعلق بھی تجاویز پرغوروخوض کیاگیا۔اجلاس کو بتایاگیاکہ صوبہ میں 3 کروڑ 60 لاکھ جنگلی زیتون پہلے سے موجود ہیں۔ اس موقع پر گورنرشاہ فرمان نے محکمہ زراعت اورمحکمہ جنگلات کو الگ الگ زیتون کی کاشت سے متعلق سروے کرنے اور حکومتی، مقامی اور ملکی سطح پر زیتون کی نرسری کی مصدقہ تعداد بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے مزید ہدایت کی کہ تمام وسائل استعمال کرکے ابتدائی 3 سال کے مرحلہ میں زیتون کے نئے پودے لگانے اور گرافٹنگ کی مکمل تعداد بتائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ زیتون کی کاشت میں خیبرپختونخوا نہایت استعدادکاحامل ہے۔