سندھ حکومت نے این آئی سی وی ڈی میں کرپشن کے تمام  ریکارڈتوڑے  دئیے  ہیں ؛ حلیم عادل شیخ

91

کراچی ،12جنوری  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی نائب صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بلاول زرداری پی ڈی ایم کے دھرنے میں بڑی بڑی تقاریر کرتے ہیں،افسوس جو لوگ دل کا علاج کرانے دل کے بڑے اسپتال آتے ہیں ان کے پیسے بھی یہ لوگ کھا گئے،جب بھی ان سے پوچھا جاتا ہے سندھ میں کرپشن ہے، کہا جاتا ہے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیوویسکیولر ڈیزیز( این آئی سی وی ڈی) ترقی کر رہا ہے،کوئی بھی کارنامہ پوچھا جائے تو یہ لوگ کہتے تھے کہ ہم نے این آئی سی وی ڈی بنایا ہے، این آئی سی وی ڈی میں کرپشن کے ریکارڈتوڑے گئے ہیں۔

انہوں نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ منگل کو یہاں سندھ اسمبلی کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی کے رہنما نوید قمر نے اپنے بھائی ندیم قمر کو این آئی سی وی ڈی ٹھیکے پر دیا ہوا ہے، ڈی جی آڈٹ سندھ نے این آئی سی وی ڈی کی آڈٹ رپورٹ 2020ـ2019 میں تمام بے ضابطگیاں دکھائیں ہیں، ڈی جی آڈٹ سندھ نے این آئی سی وی ڈی میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے، اربوں کے فنڈزکی ریکوری اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ  ڈی جی آڈٹ جی رپورٹ آچکی ہے جس میں 94 پیرا کی آبجیکشن دیئے گئے ہیں جس میں احکامات دیئے گئے ہیں کہ بلین روپوں کی کرپشن ہوئی، ملوث افسران کا تعین کیا جائے اور یہ رقم ریکور کرائی جائے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے سابق سینیئر سرجن ڈاکٹر پرویز چوھدری نے انکشافات کئے تھے ایک بیڈ خالی کرانے کے لئے مریض کو مار دیا جاتا تھا، اسپتال میں غیر معیاری ادویات و آلات کا استعمال کیا جاتا تھا ،کورنگی سے سستی دوائیاں خریدی گئیں، ندیم قمر نے سی ای او عذرا مقصود کو بغیر کسی میڈیکل کے تجربہ کے نوکری پر رکھا، عذرا مقصود سی ای او کو 20 لاکھ تک تنخواہ دی جارہی تھی، حیدر اعوان ایک گریجوئیٹ بندے کو 18 لاکھ تک تنخواہ دی جاتی تھی۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر کے بعد جمہوری سیاست ختم ہوگئی ہے، سندھ میں سویلین ڈکٹیرشپ لگائی ہوئی ہے،خیرپور کی سات سالا معصوم بچی مونیکا لاڑک کا زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ملزمان گرفتار نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری اور پیپلزپارٹی کو کرپشن کا حساب دینا ہوگا، مولانا پنڈی جانے کے بجائے سرحدوں پر جائیں جہاد کریں، اگر مولانا عالم ہیں دین کی بات کرتے ہیں تو بارڈر پر جائیں دشمنوں کے خلاف جہاد کریں۔

 حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تمام کرپٹ سیاستدانوں کو بے نقاب کرے گی، کرونا وبا میں پوری دنیا عمران خان کی تعریف کرتی ہے،ہر پاکستانی کو 12 ہزار روپے دیئے گئے۔