سبسڈائز آٹا ضلع مہمند سمگل کرنیکی کوشش ناکام،محکمہ خوراک کے افسران نے آٹے کو قبضے میں لے کر ملزمان کو داؤدزئی پولیس کے حوالے کردیا 

87

پشاور، 26جنوری(اے پی پی): کے پی، محکمہ خوراک نے سبسڈائز آٹا مہمند سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر دو ملزمان کو داؤدزئی پولیس سٹیشن کے حوالے کردیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ واجد علی اور فوڈ انسپکٹر محسن نثار نے محکمہ پولیس کے ہمراہ ماموں خٹکی چیک پوسٹ پر ایک ڈاٹسن کو روکا جس میں سبسڈائز آٹے کو مہمند ڈسٹرکٹ سمگل کیا جا رہا تھا جس کو بعد ازاں بلیک میں فروخت کیا جا رہا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آٹے کو قبضے میں لے لیا جبکہ دو آٹا ڈیلروں کو داؤدزئی پولیس سٹیشن کے حوالے کردیا گیا جسے جیل منتقل کیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سبسڈائز آٹے کی فراہمی تمام اضلاع کو جاری ہے تاہم کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عملی میں لائی جائیگی اس سلسلے میں کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہریوں کو سبسڈائز آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں اور سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔