پشاور؛الخدمت فاونڈیشن نے خیمہ بستیوں میں مقیم  بچوں کے لئے رنگ روڈ پر سٹریٹ چلڈرن سنٹر کا افتتاح کردیا

243

پشاور،22جنوری(اے پی پی): الخدمت فاونڈیشن نے ایڈ فار ایکشن کے اشتراک سے پشاور رنگ روڈ پر آٹھویں الخدمت سٹریٹ چلڈرن سنٹر کا افتتاح کر دیا ۔افتتاحی تقریب الخدمت فاونڈیشن کے ضلعی صدر ارباب عبد الحسیب کی زیر صدارت منعقد ہ ہوئی جس میں صوبائی صدر خالد وقاص اور ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیر آفیسر محمد یونس آفریدی نے  شرکت  کی ۔

 الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کہاہے کہ الخدمت کے تحت صوبہ بھر میں 17سٹریٹ چلڈرن سنٹرز میں 800بچوں کو بنیادی تعلیم سے آراستہ کیا جارہا  ہے  جہاں زیر تعلیم بچوں میں الخدمت فاونڈیشن وقتا فوقتا تخائف کی تقسیم کے علاوہ بچوں کو مفت سٹیشنری جوتے کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کئے جاتے ہیں ۔

 تقریب سے خطاب کرتے ھوئے الخدمت کےضلعی جنرل سیکرٹری افتخار احمد نے کہا کہ صوبہ بھر میں سٹریٹ چلڈرن سنٹرز کے قیام کا بنیادی مقصد معاشی مجبوریوں کے ہاتھوں سکولوں سے باہر رہ جانے والے لاکھوں بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرکے معاشرے کے کارآمد شہری بنانا ھے کیونکہ ان سنٹرز میں ہرسال سینکڑوں بچے   باقاعدہ داخلہ لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پشاور مردان، کوہاٹ ،خیبر کے علاوہ حال ہی میں شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی سٹریٹ چلڈرن سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا  ہے  اور عنقریب صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ان سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ زیور تعلیم سے محروم ایسے سٹریٹ چلڈرن کو سکول لایا جائے جو اپنے والدین کی معاشی مجبوریوں کی وجہ سے تعلیم کے حصول سے محروم ہیں۔